اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے قومی موسمیاتی تبدیلی پالیسی 2021 اور قومی وائلڈ لائف پالیسی 2021 کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مارگلہ پہاڑیوں میں ایک خصوصی زون کو چیتے کے تحفظ کا علاقہ قرار دیا جائے جبکہ اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں وائلڈ لائف انفارمیشن سینٹر کے قیام کی بھی منظوری دی گئی ۔بدھ کو وزیر اعظم عمران خان نےموسمیاتی تبدیلی سے متعلق کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کی۔وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان نے 10 ارب سونامی ٹری پروگرام کی وجہ سے “گرین چیمپئن”کی حیثیت سے اپنی ساکھ قائم کی ہے،دنیا کو ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں مدد کرنی چاہیے۔وزیر اعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت نے 10ارب سونامی ٹری کی شروعات کی اور اب پوری دنیا ہمارے نقش قدم پر چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے حقیقت پسندانہ اور ٹھوس اقدامات کو سراہا رہی ہے۔ وزیراعظم نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو ہدایت کی کہ قدرتی ماحول کےتحفظ کے لیے مقررہ اہداف کا جائزہ لیاجائے اور درکار مزید فوری اقدامات کےحامل نئے اہداف وضع کئے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے قومی پارکوں کا تحفظ سب سے اہم ہے اور ہمیں تربیت یافتہ افرادی قوت کو شامل اور جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرنا چاہیے۔وزیراعظم نے’’ قومی موسمیاتی تبدیلی پالیسی2021 ‘‘ اور ’’ قومی وائلڈ لائف پالیسی2021 ‘‘ کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مارگلہ پہاڑیوں میں ایک خصوصی زون کو چیتے کے تحفظ کا علاقہ قرار دیا جائے۔انہوں نے اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں وائلڈ لائف انفارمیشن سینٹر کے قیام کی بھی منظوری دی۔وزیراعظم نے مختلف وزارتوں کے مابین کوششوں کو مربوط بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خاتمے کے حل کے لیے ایک تھنک ٹینک کے قیام کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے ملک امین اسلم کی کوششوں کو سراہا اور اس شعبے میں پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے اجلاس کو این ڈی سی، موسمیاتی تبدیلی کی پالیسی ، قومی وائلڈ لائف پالیسی اور گرین کلائمیٹ ڈپلومیسی کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔اجلاس میں وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی ، سید فخر امام ، محمد حماد اظہر ، چوہدری مونس الٰہی ، قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف ، وزیر مملکت زرتاج گل ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل ، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان ، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی اور وزیر ماحولیات سندھ اسماعیل راہو نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔











