اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک محمد امین اسلم نے جمعرات کو میڈیا سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی پر پالیسی اور 10 بلین درخت سونامی پراجیکٹ کی وجہ سے سفارت کاری کے نئے دروازے کھل رہے ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ سعودی عرب سے 50 ارب درختوں کے منصوبے میں شراکت داری ایک بہت بڑا موقع ہے جس سے نہ صرف نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ قومی خزانہ میں ترسیلات زر بھی بڑھیں گی، اس کیلئے ٹیمیں کام کر رہی ہیں جو کہ ایک مربوط ایم او یو تشکیل دیں گی جس پر وزیراعظم اپنے سعودی عرب دورہ کے دوران دستخط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات بھی اسی طرز پر پاکستان سے ایم او یو چاہتا ہے جس پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوپ۔26 کے موقع پر عالمی برادری کا ضمیر جھنجھوڑے گا کہ وہ ترقی پذیر ممالک سے موسمیاتی تبدیلی سے نبرد آزما ہونے کیلئے تعاون کریں۔