عالمی برادری کو افغانستان کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

17

اسلام آباد۔14اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے معاملہ پر سول و عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں، پاکستان کی تاریخ میں کبھی سول و عسکری قیادت کے اتنے اچھے تعلقات نہیں رہے جتنے آج ہیں، اس کا کریڈٹ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے، افغانستان کو تنہاءنہ چھوڑا جائے، افغانستان میں عدم استحکام کی صورتحال پوری دنیا کے لئے نقصان کا باعث بن سکتی ہے، ملک میں مہنگائی کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ ہے، مہنگائی سے نمٹنے کے لئے ہم نے نئی اکنامک پالیسی فریم کی ہے، نومبر کے مہینے سے تین بڑے پروگرام شروع کئے جا رہے ہیں جس میں صحت کارڈ، کسان کارڈ اور احساس کارڈ شامل ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان تحریک انصاف کے تمام اراکین کو ہدایت کی ہے کہ 12 ربیع الاول کا دن شایان شان طریقے سے منایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ہمارا فوکس افغانستان پر تھا، وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی کے ممبران کو افغانستان کی صورتحال پر اعتماد میں لیا، پاکستان کا موقف ہے کہ اس وقت افغانستان کو تنہاءنہ چھوڑا جائے، انسانی ہمدردی کے جذبہ سے افغانستان کے لئے امداد جاری رہنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے افغانستان کے لئے ویزا میں سہولت فراہم کی، افغانستان کے ساتھ تجارت کو بڑھایا ہے، ہم افغانستان میں اپنے بھائیوں کی مدد کر رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ دنیا بھی افغانستان کو تنہاءنہ چھوڑے۔