کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس کی آزادی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا؛ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

38

 

لاہور، 16 اکتوبر(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری  محمد سرور  نے کہا ہے کہ  کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس کی آزادی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

ان  خیالات  کا اظہار گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے دورہ یورپ کے موقع پر اٹلی میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے حوالے سے ایک تقریب سے  خطاب میں کیا۔تقر یب میں  کشمیر میں جاری بھارتی دہشت گردی کے خلاف مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی اس دوران تقریب کے شرکاء کشمیر بنے گا پاکستان ، دہشت گرد نریندر مودی مردہ باد، کشمیر پاکستان کی شہ رگ کے نعرے لگاتے رہے۔

 تقریب میں چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ پرویز اقبال لوسر ،میاں آفتاب سمیت اورسیز پاکستانیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور کشمیریوں کی نسل کشی کرنیوالی بھارتی سیکورٹی فورسز کو دہشت گرد قرار دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

گورنر پنجاب چوہدری  محمد سرور  نے کہا کہ یورپی اراکین پارلیمنٹ کو بھی کشمیریوں پر بھارتی مظالم بارے حقائق بتائے ہیں، دنیا میں جہاں بھی جاؤں کشمیر کے لیے آواز بلند کرنا میرا زندگی کا مشن ہے، نریندر مودی کی قیادت میں بھارتی سیکورٹی فورسز کشمیر میں بے گناہوں کا قتل عام کر رہی ہے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر  عالمی اداروں کی خاموشی بھی اک ظلم ہے۔انہوں نے کہا کہ  وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کا سفیر بن کر انکا مقدمہ لڑ رہے ہیں، کشمیر کی آزادی کے بغیر دنیا میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، انشااللہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی، ایک دن کشمیر بنے گا پاکستان، اس میں کوئی شک نہیں اوورسیز پاکستانی بھی دنیا بھر میں کشمیریوں کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔