ملتان، 16 اکتوبر (اے پی پی ): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺ کی اسوہ حسنہ بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے ، رحمت اللعالمین ؐ کے درس انسانیت پر عمل پیرا ہو کر دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عشرہ شان رحمتہ اللعالمینﷺ کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ ملتان کے زیر اہتمام سیرت النبی کانفرنس سے خطاب میں کیا، کانفرنس میں وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، معاون خصوصی جاوید اختر انصاری،چیف وہپ ملک عامر ڈوگر،اراکین اسمبلی احمد حسن ڈیہڑ سمیت ایم پی اے ظہیر الدین علیزئی،سلیم لابر اور ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں ، سی پی او منیر مسعود مارتھ موجود تھے۔
کانفرنس سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ صبر و تحمل،برداشت،رواداری اور احترام انسانیت اسلامی معاشرے کا طرہ امتیاز ہے۔ ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ آقائے دو جہاں کے رہنما اصول امانت اور صداقت ہمارے لئے مشعل راہ اور راہ نجات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ﷺکی ذات اقدس حق کا پیغام ہےجس کی روشنی میں ہم آگے بڑھیں گے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا نبی کریمﷺ کی سیرت طیبہ اور ان کی تعلیمات پورے معاشرے کے لئے عملی نمونہ ہیں ، وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے رحمت اللعالمینﷺ اتھارٹی کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے۔
سیرتِ النبی کانفرنس میں درودوسلام کا نذرانہ اور ملک وقوم کیلئے دعا بھی کی گئی۔











