بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے  کی مذموم کوششوں سمیت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے؛صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

18

اسلام آباد،27اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے  کی مذموم کوششوں سمیت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے ، دنیا کو  سوشل میڈیا پر مقبوضہ وادی میں جاری مظالم سے  آگاہ کیا جائے ،مودی حکومت کی متعصبانہ پالیسیاں بھارت میں آگ لگا رہی ہیں، مودی سرکاری بھارت میں اقلیتوں کے حقوق غصب کر رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 27اکتوبر کو  یوم سیاہ کے موقع پر پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔ وفاقی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ ،سماجی و سیاسی شخصیات اوراعلیٰ  سرکاری افسران  نے تقریب میں شرکت کی ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وادی کشمیر کو انگریزوں نے ڈوگرا راج کو 20لاکھ روپے میں بیچ دیا تھا۔ اقوام متحدہ نے قائداعظم محمد علی جناح اور کشمیریوں کے ساتھ استصواب رائے کا جو وعدہ کیا تھا وہ آج تک پورا نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو بھارتی ظلم و زیادتی کا سامنا ہے جس کے خلاف انہوں نے جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے ۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے ، بھارت مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مودی سرکار بھارت میں اقلیتوں کے حقوق غصب کر رہی ہے ،تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ لوگوں کے مذاہب جبری تبدیل کر دیئے جائیں ۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ اگر کوئی ریاست فیک نیوز پر چلے گی تو اس کے تباہ کن نتائج ہوں گے ۔ مشہور کہاوت ہے کہ اگر کسی ریاست کو ختم کرناہو تو اس کی ثقافت مسخ کر دو ۔انہوں نے کہاکہ  کشمیری بھارتی مظالم کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں ، کوئی دلیل اور منطق بھارت کے حق میں نہیں ہے ، دنیا اخلاقیات کے بجائے مفادات کا شکار ہے ۔انہوں نے ہر فورم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہر فورم پر ان کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں مودی کی متعصبانہ پالیسیاں آگ لگا رہی ہیں ، ان بھارتی اقدامات سے کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہو گا ۔

 صدر مملکت نے کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کشمیری شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کا ہر طرح سے ساتھ دیں گے ، عنقریب سحر طلوح ہو گی اور کشمیر جلد آزاد ہو گا۔