پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام چاہتا ہے: وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین

16

اسلام آباد ، 11 نومبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام چاہتا ہے، پاکستان نے دنیا سے افغانستان کے عوام کی مدد کی اپیل کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے  جمعرات کو یہاں پاکستان میں بلغاریہ کی سفیر ارینا گانچیوا  سے ملاقات کے دوران کیا ، ملاقات میں گفتگو کرتے  ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اور دنیا کو  افغانستان کے استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، افغانستان کی موجودہ صورتحال کسی المیہ سے کم نہیں،افغانستان کے بارے میں اکانومسٹ کی حالیہ رپورٹ پریشان کن ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ 38ملین افراد میں سے 23 ملین افراد خوراک کی کمی کا شکار ہیں، افغانستان میں بچے بھوک سے جاں بحق ہو رہے ہیں،ہم نے دنیا کو افغانستان کے حوالے سے اپنی تشویش سے آگاہ کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ افغانستان میں استحکام نہ ہوا تو عالمی دہشت گرد تنظیمیں افغانستان میں اپنے مراکز قائم کر سکتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بلغاریہ افغانستان کی صورتحال میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم طالبان حکومت کو اس وقت تک تسلیم نہیں کریں گے جب تک علاقائی طاقتیں افغان حکومت کو تسلیم نہیں کر لیتیں، پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان کئی دہائیوں ہر مبنی سفارتی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں جبکہ پاکستان ان تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

اس موقع پر  بلغاریہ کی سفیر نے پاکستان کی افغانستان سے غیر ملکی شہریوں اور سفارتکاروں کے انخلاء کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ  پاکستان کا افغان امن عمل میں کردار لائق تحسین ہے، بلغاریہ افغانستان میں امن کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرے گا۔