گلگت بلتستان کونسل کے انتخابات کل بروز جمعہ 11 بجے ہونگے، چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان

17

 

گلگت، 11 نومبر(اے پی پی): چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے گلگت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے  ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کونسل کے انتخابات کل بروز جمعہ 11 بجے ہونگے، ان انتخابات کے لیے تمام تر تیاریوں اور انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ کوئی بھی ممبر شو آف ہینڈ کے ذریعے کسی کو بھی ووٹ دے سکتا ہے، آئین میں اس حوالے سے کوئی قدغن نہیں ہے ۔انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ہے۔جی بی کونسل کے لئے  10 امیدوار میدان میں ہے، جن  میں سے 6 ارکان کے انتخاب کے لیے   کل  بروز جمعہ دن 11 بجے جی بی اسمبلی بلڈنگ میں ووٹنگ  ہوگی۔سیکریٹری قانون جی بی رحیم گل ریٹرننگ آفیسر کے فرائض انجام دیں گے۔ جی بی اسمبلی کے تمام 33 ممبران شو آف ہینڈ کے ذریعے کونسل کے 6 ارکان کو منتخب کریں گے۔جی بی کونسل کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔فہرست کے مطابق جی بی کونسل کی 6 نشستوں کے لیے 10 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا۔ حکمران جماعت تحریک انصاف نے کونسل کی تمام 6 نشستوں کے لیے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے ایک ایک امیدوار سامنے لایا ہے ،2 امیدوار آزاد حیثیت سے کونسل کے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔