گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کا دورہ چترال، دروش میں زعفران کی کاشت منصوبہ کا افتتاح

24

چترال ،13نومبر  (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے ہفتہ کے روز چترال کا دورہ کیااور چترال کے علاقہ دروش میں زعفران کی کاشت منصوبہ کا افتتاح کیا۔ گورنر کواس موقع پر محکمہ زراعت کی جانب سے چترال میں زعفران کی انتہائی استعداد کاشت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ چترال سمیت صوبہ بھر میں 9 لاکھ ایکڑ زمین زعفران کی کاشت کی انتہائی استعداد رکھتی ہے۔9لاکھ ایکڑ زمین پر زعفران کی کاشت سے 1ہزار ارب آمدن متوقع ہے۔گورنر نے دروش میں مقامی سطح پر کاشت زعفران کی فصل کا معائنہ بھی کیا۔

 اس موقع پرمیڈیا اور مقامی زمینداروں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرشاہ فرمان کا کہناتھا کہ زیتون اور زعفران کی کاشت کیلئے ہماری سرزمین نہایت موزوں ہیں اور زعفران سب سے قیمتی فصل ہے اور یہ اللہ کی طرف سے ہمارے لئے تحفہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ چترال، اپردیر، لوئر دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، باجوڑ، جنوبی و شمالی وزیرستان، کرم، اور کزئی اور خیبرمیں زعفران کی کاشت کاکامیاب تجربہ ہوچکاہے۔ زعفران کاشت منصوبے سے نہ صرف صوبے میں غربت کاخاتمہ ہوگا بلکہ بے روزگاری کے خاتمے کا سبب بھی بنے گی۔ انہوں نے کہاکہ زعفران کی کاشت سے ملکی زرمبادلہ بھی بڑھے گا جس سے ملکی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔

گورنرنے کہاکہ یہ منصوبہ صرف دروش میں نہیں بلکہ پورے چترال میں کامیاب ہوچکاہے اورپائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد ہمارا ہدف پورے علاقے کو تخم پہنچاناہے۔ انہوں نے کہاکہ زعفران کی پیداوار انتہائی آسان ہے اور صرف آگاہی کی ضرورت ہے۔

 پیداوارکے حوالے سے گورنرخیبرپختونخوا کا کہناتھاکہ اس کی پیداوار بھی نہایت آسان ہے اور صرف دو مہینوں میں یہ فصل تیارہوجاتی ہے۔محکمہ زراعت کے حوالے سے گورنر نے کہاکہ تاریخ میں پہلی دفعہ ایک حکومت نے محکمہ زراعت کو زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے تاریخی بجٹ مختص کی ہے اور زعفران اور زیتون کی کاشت پرخصوصی توجہ دی گئی ہے کیونکہ اس خطہ میں ان دونوں قیمتی فصلوں کی پیداواری صلاحیت بہت زیادہ ہے۔

گورنرنے زعفران کی کاشت منصوبہ چترال کے عوام کی ترقی و خوشحالی کا منصوبہ قراردیا اور کہاکہ چترال کے عوام کو زعفران کے تخم سے لیکر پیداوار کو عالمی مارکیٹ تک لیجانے میں حکومت تعاون کرے گی۔ زعفران کی کاشت کیلئے مقامی زمینداروں کو ہم تمام وسائل فراہم کریں گے اور جب عوام کو اس کی مقبولیت کا علم ہوگیا تو زعفران کی کاشت انتہائی تیزی سے پھیلتی جائیگی۔