خصوصی افراد کے حوالے سے رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے ؛صدر مملکت کا    ”بولتے حروف ایپلی کیشن” کی لانچنگ تقریب سے خطاب

35

کراچی،13نومبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کے حوالے سے رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے ۔

 ہفتہ کو یہاں  ”بولتے حروف ایپلی کیشن” کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے خصوصی مردوں اور  خواتین کو مالی طور پر بااختیار بنانے کے لئے ایک سکیم متعارف کروائی ہے ۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ خصوصی افراد کے حوالے سے اپنے رویئے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جاسکے ۔ انہوں نے خصوصی افراد کے لئے ایپلی کیشن کی تیاری کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس سے بصارت سے محروم افراد کو بریلی زبان سے اردو میں ترجمہ کرنے کی سہولت حاصل ہو گی ۔ انہوں نے مزید کہاکہ تقریباً 2ملین خصوصی افراد کے لئے فی کس 2ہزار روپے کا وظیفہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ خواتین کو بھی خصوصی قرضے فراہم کئے جارہے ہیں  تاہم اطلاعات تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے زیادہ تر خواتین آسان  قرضہ کی سہولت سے استفادہ نہیں کررہیں ۔

 تقریب سے گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر اور بولتے حروف کے سی ای او حافظ شیخ عمر نے بھی خطاب کیا۔