کراچی،13نومبر (اے پی پی):صدر مملکت عارف علوی نے وفاقی انشورنس محتسب (ایف آئی او)کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انشورنس کے حوالے سے آگاہی پھیلانا بہت ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو گورنرہائوس میں وفاقی انشورنس محتسب کے زیر اہتمام ”انشورنس انڈسٹری میں شفافیت کی اہمیت”کے موضوقع پر منعقدہ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ایف آئی او نے شکایت کنندگان کو 410 ملین روپے کا مالیاتی ریلیف فراہم کیا ہے اور اس سال مالیاتی ریلیف میں 2.13 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ مالیاتی ریلیف کے یہ اعداد و شمار اگلے سال 2.30 ارب روپے تک بڑھنے کی توقع ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ شکایت کنندگان کو تیز رفتار اور بلامعاوضہ انصاف فراہم کرنے کی وجہ سے گزشتہ سال کے مقابلے میں ایف آئی او کے پاس شکایات کے اندراج میں 50 فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شکایات کا ازالہ 90 فیصد رہا اور کل رجسٹرڈ کیسز میں سے 90 فیصد سے زیادہ کیسز 60 دنوں کے اندر نمٹائے گئے۔عوام میں وفاقی انشورنس محتسب کے حوالے سے کم آگاہی پر انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بمشکل 4 سے 5 فیصد لوگ اس ادارے کے متعلق جانتے ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ اس ادارے کی جانب سے دی جانے والی خدمات سے عوام کو آگاہ کیا جائے ۔
صدرمملکت نے وفاقی انشورنس محتسب کو فرائض کی انجام دہی میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف متاثرہ پالیسی ہولڈرز کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوششوں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔











