کراچی ،13نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی میں پاکستان کے سب سے پہلے انٹر یکٹو سائنس سینٹر کا افتتاح کیا۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبا کو سائنس ،ٹیکنالوجی اور فزکس کی عملی ورکشاپس بھی مہیا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم نے اپنے حلقے کے سکولوں میں سائنسی میلے کا انعقاد کیا اور جس شوق وذوق سے طلبا نے میلے میں شرکت کی وہ قابل دید تھا ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں جدید سائنسی علوم اور ریاضی میں طالب علموں کو سہولیات مہیا کرنا ہوں گی تاکہ ہماری نئی نسل دور جدید کے تقاضوں سے مطابقت رکھ سکے ۔
تقریب سے میگنیفی سائنس سینٹر کے چیئر مین حسین دائود نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر صدر مملکت کی جانب سے حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔بعدازاں ڈاکٹر عارف علوی نے سائنس سینٹر کا دورہ کیا اور تجربہ گاہوں کا بھی معائنہ کیا۔











