کالا قانون مسلط نہیں بلکہ ماضی کی کالک کو دھونا چاہتے ہیں؛ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مشترکہ پارلیمانی اجلاس سے خطاب

18

اسلام آباد،17نومبر  (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بدھ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی قوانین میں ترمیم اور الیکٹرک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) متعارف کروا کے ہم ماضی کی کالک دھونا چاہتے ہیں، 1970ء کے بعد جتنے بھی انتخابات ہوئے ان پر سوالات  اٹھے ،  وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی سمت درست کریں اور ایسی قانون سازی کریں کہ ہمیشہ کے لئے آزادانہ، شفاف اور قابل اعتماد انتخابی نظام رائج ہو ، حکومت کی صفوں میں یکجہتی اور اتحادی ساتھ کھڑے ہیں، قانون سازی کے لئے تمام طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے، ای وی ایم مشین ان ناپاک ارادوں کو دفن کرنے کے لئے لائی جارہی ہے جو ماضی میں مسلط کئے جاتے تھے، آزادانہ، شفاف اور قابل اعتماد انتخابی نظام اپنانے جارہے ہیں، قائد حزب اختلاف د ہرا معیار نہ اپنائیں، سمندر پار پاکستانیوں کے ڈالر انہیں قبول ہیں، انہیں ووٹ کا حق دینا منظور نہیں، انتخابات کو چوری ہونے سے بچانے کے لئے تمام ارکان انتخابی قوانین میں ترمیم کے حق میں ووٹ دیں۔