گلاسکو پیکٹ میں درخت لگانے اور کاربن سے پاک توانائی پر اتفاق ہوا؛ ملک امین اسلم

18

اسلام آباد،18نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ گلاسکو پیکٹ میں درخت لگانے اور کاربن سے پاک توانائی پر اتفاق ہوا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر گلاسگو میں منعقد ہونے والی عالمی سربراہی کانفرنس کوپ 26 کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔   ملک امین اسلم نے کہا کہ سی اوپی 26 میں دنیا جن  دو اہم نکات پر اکٹھی ہوئی وہ وہی ہیں جو وزیراعظم عمران خان نے چار سال پہلے ماحولیات کے تحفظ و بحالی کے لئے اپنے گرین ویژن میں پیش کئے تھے۔ پہلا یہ کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری اور نیچر میں سرمایہ کاری جبکہ دوسرا کاربن فری انرجی اور متبادل توانائی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی کا سبب بننے والی گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، اس کے باوجود ہم مسئلہ کا حل لے کر عالمی فورم پر گئے۔ وزیراعظم کے ویژن کے تحت پاکستان نے آلودگی میں نو فیصد کمی لائی ہے جبکہ 2030 تک 15 فیصد کمی لائی جا سکتی ہے۔ ہم نے دنیا کو چیلنج کیا ہے کہ ہمیں مطلوبہ فنڈز فراہم کئے جائیں تو ہم آلودگی کو 50 فیصد تک کم کر سکتے ہیں۔