اسلام آباد،18نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ملک ہونے کے باوجود مسئلہ کا حل لے کر عالمی فورم پر گیا، امریکا کیساتھ مل کر میتھین گیس کی آلودگی کوکم کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر گلاسگو میں منعقد ہونے والی عالمی سربراہی کانفرنس کوپ 26 کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے زیر انتظام موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں عالمی سربراہی کانفرنس کی کارروائی اور اس کے نتیجے میں گلاسگو معاہدے کے اغراض ومقاصد کے ساتھ ساتھ پاکستان کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان کے گرین ویژن کو بے حد سراہا اور اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان جس طرح قدرتی ماحول کے تحفظ و فروغ کے منصوبوں پر پیشرفت کرچکاہے وہ دیگر ممالک کے لئے قابل تقلید مثال ہے۔
ملک امین اسلم نے امریکہ کی موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں عالمی پلیٹ فارم پر واپسی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان میتھین گیس کی آلودگی میں کمی سے متعلق معاہدہ میں شامل ہوا ہے جس کے تحت دنیا میں میتھین گیس کے اخراج میں 30 فیصد کمی لائی جائے گی اور پاکستان بھی ان کوششوں میں اپنا حصہ ڈالے گا۔











