کراچی،18نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں صوبہ سندھ کی میزبانی میں منعقدہ 33 ویں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کی صدارت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنیادی طور پر میرا یہ ہمیشہ تجزیہ رہا ہے کہ تعلیم سیاست سے بالاتر ہے اور تعلیم ایسی چیز ہے جس سے ملک بنتے ہیں ، انسان اپنی بہتری کرتا ہے ، اسلئے ہم سب نے مل جل کر تعلیم کے لئے کام کرنا ہے، سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن تعلیم کے لئے ہماری کاوش مشترکہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی کوآرڈینشن کو بہتر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور اس کو آرڈینشن کو بہتر بنانے کے لئے جس طرح بین الصوبائی وزراء کی باقاعدہ میٹنگ ہوتی ہے ، اب سیکریٹریز کی سطح پر بھی کوآرڈینشن میکنزم بنے گا۔











