جلالپورپیروالا ؛ ڈینگی  سے نمٹنے  کیلئے  محکمہ  ہیلتھ کی جانب سے انتظامات مکمل، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ڈینگی کا وارڈ قائم کردیا گیا

18

جلالپورپیروالا ، 18 نومبر  (اے پی پی ): ایم ایس تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈاکٹر حافظ محمد ناصر نے کہا ہے کہ  ملک کے دیگر علاقوں کی طرح جلالپورپیروالا میں بھی ڈینگی  سے نمٹنے  کیلئے  محکمہ  ہیلتھ کی جانب سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں نہ صرف ڈینگی کا وارڈ قائم کردیا گیا بلکہ اس کےلیے مخصوص سٹاف بھی متعین کردیا گیا۔

 ایم ایس تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈاکٹر حافظ محمد ناصر نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ ہم ڈینگی سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں، ہمارے تربیت ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف اس وبا سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے، ابھی اس تحصیل میں ڈینگی کا پھیلاؤ نہ ہونے برابر ہے تاہم اس کےلیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔

 ادویات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے۔ پینا ڈال کی میڈیکل اسٹورز پرعدم دستیابی کی عوامی شکایات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے۔انہوں نے کہا مریض پینا ڈال کے متبادل کے طور پر پیراسٹامول و دیگر ٹیبلٹس استعمال کرسکتے ہیں جن کی کوئی کمی نہیں ہے۔