لاہور، 18نومبر(اے پی پی): وزیراوقاف و مذہبی امور سید سعید الحسن شاہ،کمشنر ذوالفقار گھمن اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرن جیت سنگھ اور ان کے وفد کی آمد پر تمام مہمانوں کوخوش آمدید اورمبارکباد دی اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔ پاکستان اور دنیا بھر سے سکھ برادری باباگرونانک جی کے552ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے کرتار پور آئے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ بابا گورونانک کا جنم دن سکھ برادری کیلئے خوشیوں بھرا تہوار ہے -سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سکھ برادری کے گوردواروں کی دیکھ بھال، تزئین و آرائش اور سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ سکھ برادری سمیت اقلیتوں کی فلاح وبہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور ان کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے- اس موقع پر سکھ برادری نے کہا کہ حکومت پاکستان و پنجاب نے سکھ برادری کو بابا گو رونانک کے جنم دن کی تقریبات میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے بہترین سہولیات فراہم کی ہیں۔سکھ برادری سکھ برادری کاکرتار پور آمداور بہترین انتظامات پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خراج تحسین پیش کیا۔











