ملتان، 19 نومبر ( اےپی پی): پاکستان اور چین نے ہمیشہ مشترکہ مفادات کے تحفظ اور خطے میں ترقی و خوش حالی کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اسی پس منظر میں سرویکل کینسر سکریننگ ٹیکنالوجی کے استعمال میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان اور ووہان لینڈنگ انٹیلیجنس میڈیکل ہائی ٹیک کمپنی لمیٹڈ چائینا کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت ووہان لینڈنگ انٹیلیجنس میڈیکل کمپنی لمیٹڈ پاکستان میں سرویکل کینسر اسکریننگ کے لئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تشخیصی پروگرام کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ اس پروگرام کے حوالے سے گزشتہ روز نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان اور ووہان لینڈنگ انٹیلیجنس میڈیکل ہائی ٹیک کمپنی لمیٹڈ چائینا کے نمائندگان کے درمیان ان لائن میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی نمائندگی وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے جبکہ ووہان لینڈنگ انٹیلیجنس میڈیکل کمپنی لمیٹڈ کی نمائندگی چیئرپرسن ڈاکٹر سن سیاورونگ نے کی۔ چیئرپرسن شعبہ امراض نسواں نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی اور پروفیسر ڈاکٹر شاہد ارشاد راؤ، ڈاکٹر عامر عاشق اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ پیتھالوجی اور ڈاکٹر نبیلہ طارق بھی اس موقع پر وائس چانسلر کے ہمراہ موجود تھے۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس ایم او یو کے تحت ووہان لینڈنگ انٹیلیجنس میڈیکل کمپنی پاکستان میں خواتین کے لئے سرویکل کینسر کے حوالے سے اعلیٰ معیار کی مفت سکریننگ سروس مہیا کرے گی اور اس کے تحت سکریننگ لیبارٹریز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا











