اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پہلے ایک لاکھ گھروں کی تعمیر پر 3 لاکھ حکومت سبسڈی دے رہی ہے۔ حکومت نے ملک میں عام آدمی کو گھرکی سہولت فراہم کرنے کے لئے رہائشی منصوبوں پر کام شروع کر دیا ہے، اس وقت ایک لاکھ گھر زیر تعمیر ہیں، بینکوں نے گھروں کی تعمیر کے لئے 24 ارب روپے کے قرضے دیئے ہیں،ماضی میں کسی حکومت نے عام آدمی کو گھر کی سہولت فراہم کرنے کا نہیں سوچا، ہمیں انفراسٹرکچر بنانے میں 2 سال لگ گئے، اب بہت تیزی سے اس منصوبے پر کام ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو فراش ٹائون میں 4400 اپارٹمنٹس کی تعمیر کے منصوبے کے معائنے کے دوران کیا ، اس منصوبے کا سنگ بنیاد رواں سال اپریل میں رکھا گیا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں کسی حکومت نےکم آمدن اور تنخواہ دار طبقے کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کا نہیں سوچا۔ ان کی یہ ترجیح نہیں تھی ،اس لئے صرف پیسے والے لوگ ہی اپنا گھر بنا سکتے تھے۔ عام آدمی کے لئے یہ ایک خواب تھا۔ ہم نے اقتدار میں آنے کے بعد کم آمدنی والے افراد کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں کا اعلان کیا اور انفراسٹرکچر ڈویلپ کرنے کی کوشش کی کیونکہ ماضی میں انفراسٹرکچر ہی موجود نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے ایک لاکھ گھروں کی تعمیر پر 3 لاکھ حکومت سبسڈی دے رہی ہے۔











