ننکانہ صاحب۔19نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے بابا گورو نانک دیو جی کے 552ویں جنم دن کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ مذہب کے حوالے سے پاکستان نے فراغ دلی دکھائی، امریکا کی تشویش پر تعجب ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کیسے تعصب اور تنگ نظری کی بات ہے کہ امریکا نے ایک بار پھر پا کستان کوان ممالک میں ڈالا ہے جہاں مذہب کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے تاہم اس کے برعکس پاکستان نے ہمیشہ اقلیتوں کے ہر مذہب خواہ سکھ ہو،ہندو،عیسائی،کیلاشی،پارسی ہو یا بہائی جتنے بھی مذہب ہیں ان کے لئے فراخ دلی دکھائی ،اس کے باوجود پاکستان کو ان ممالک میں ڈالا جاتا ہے جہاں مذہب کے حوالے سے تشویش ہو،یہ سمجھ سے بالا تر ہے ،انہوں نے کہا کہ بھارت میں جس طرح ایک سال سے سکھوں کے جائز مطالبات کو ریاست کی طاقت سے دبانے کو کوشش کی گئی اور جو وہاں مسلمانوں کے ساتھ ہورہا ہے جومسیحیوں کے ساتھ ہورہا ہے وہ کسی کو نظر نہیں آرہا یہ ایک امتیاز ی سلوک ہے ،انہوں نے کہا کہ ہم ہر فورم پر دلیل کے ساتھ ثابت کریں گے کہ پاکستان میں آئین اور قائد اعظم کے فرمان کے مطابق اقلیتوں کو تمام حقوق دئیے جارہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔











