پشاور، 29 نومبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی انتہائی افسوسناک واقعہ ہے اور بے حرمتی کرنے والے شخص کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلائی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے امن و امان سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کے دوران کیا جسمیں گزستہ رات چارسدہ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے خصوصی تناظر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور پولیس کے اعلی حکام کی طرف سے مندنی چارسدہ واقعے کے مختلف پہلوؤں اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعلیٰ کو مشتعل ہجوم کی طرف سے ایک پولیس اسٹیشن اور مختلف چوکیوں کو ریکارڈ سمیت نذر آتش کرنے اور بعض عناصر اور جرائم پیشہ افراد کیجانب سے عوام کو سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کیلئے اکسائے جانے پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ قرآن کی بے حرمتی کرنے والے شخص کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے لئے لوگوں کو اکسانے والے عناصر کی نشاندہی بھی کرلی گئی ہے۔
اجلاس میں مشتعل ہجوم کی طرف سے سرکاری املاک کو آگ لگانے کے واقعے کی مذمت اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس سے مخاطب ہوتے ہوئے وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا اور امن و امان کو برقرار رکھنے اور سرکاری املاک کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، اسے ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر اعلی نے پولیس کو حکومتی عملداری اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنانے اور آئندہ ایسے واقعات کی موثر روک تھام کے لئے لائحہ عمل تیار کرنیکی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں تمام شرپسند عناصر کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔
وزیراعلی محمود خان نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قران پاک کی بے حرمتی کرنے والے کے خلاف شہریوں کے جذبات کا احساس ہے، اسلئے شہری پرامن رہیں اور قانون کو اپنا راستہ اپنانے دیں۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری، ائی جی پی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔











