پورے ملک میں کھیلوں کے میدانوں کا جال بچھائیں گے، قومی سطح کا ٹیلنٹ ملے گا،وزیراعظم عمران خان کا ” کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو” کی افتتاحی تقریب سے خطاب

14

اسلام آباد۔6دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے نئی سپورٹس پالیسی متعارف کرائی ہے جس سے نوجوانوں کا   ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا، سپورٹس باڈیز میں مافیاز کا خاتمہ کردیا، خیبر پختونخوا میں 300 اور پنجاب میں260 گرائونڈز بنا چکے ہیں، ہر یونین کونسل میں کھیلوں کے میدان ہونے چاہئیں،طلبا  کو    ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ سکالر شپ دیئے، اب تک 63 لاکھ مستحق نوجوانوں کو 47 ارب روپے کے وظائف دے چکے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلے ” کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، وزیرتعلیم تو پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود، وفاقی وزیر حماد اظہر ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیور کے انعقاد پر عثمان ڈار کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے کھیل انتہائی ضروری ہیں۔ میں نے 21 سال بین الاقوامی سپورٹس گرائونڈ میں گزارے۔ میں نوجوانوں کو یہ پیغام دیناچاہتا ہوں کہ کھیلوں سے وہ مقابلہ کرنا سیکھتے ہیں۔ کھیلوں کے ذریعے انہیں جیتنا بھی آتا  ہے اور ہار کو سمجھنا بھی۔ کھیل ہمیں یہ سیکھاتے ہیں کہ ہم نے ہار سے دلبرداشتہ نہیں ہونا اور گرنے کے کھڑے ہو کر مقابلہ کرنا ہے۔ سپورٹس مین مشکل وقت سےگھبراتا نہیں ہے اور دلبرداشتہ نہیں ہوتا کیونکہ انسان ہارتا اس وقت ہے جب وہ ہارنے کے بعد اپنی غلطیوں کا جائزہ نہیں لیتا اور پہلے سے زیادہ محنت نہیں کرتا۔ اس لئے میں نوجوانوں کو یہ نصیحت کرتا ہوں کہ وہ سپورٹس کے ذریعے مقابلہ کرنے کی صلاحیت حاصل کریں۔ کھیل ہماری صحت کے لئے بھی ضروری ہیں جو کہ اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ انسان کو اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں 70 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ہماری حکومت میں نوجوانوںکو  کھیلوں کے بھر پور مواقع فراہم کرنے کے لئے گرائونڈز تیار کئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اب تک300 اور  پنجاب میں 260 گرائونڈز بنا چکے ہیں۔ ہر یونین کونسل میں کھیلوں کے گرائونڈزہونے چاہئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ جس کی آبادی صرف 50 لاکھ ہے میں  22 کروڑ کی آبادی والے پاکستان  سے بھی زیادہ گرائونڈ ہیں۔