فیصل آباد،11دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ فیصل آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل کالج بنایا جائے گا۔
وہ ہفتہ کے روز پنجاب میڈیکل کالج (فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی) کے 14ویں کانووکیشن اور ایم بی بی ایس و بی ڈی ایس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے فارغ التحصیل ڈاکٹرز میں میڈلز، ڈگریز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ کانووکیشن سے خطاب میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ 2017 میں پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد سے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا درجہ پانیوالے اس ادارے نے مختصر وقت میں اپنی شاندار کارکردگی سے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا یہی وجہ ہے کہ آج نہ صرف پاکستان کے گوشے گوشے بلکہ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں یہاں سے پاس آؤٹ ہونیوالے ڈاکٹرز دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرکے اپنا اور ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہیٹ ٹرک کا سنا کرتے تھے لیکن آج یہاں ایک ڈاکٹر صبا ناصر نے 15 میڈلزلیکر پہلی پوزیشن، ڈاکٹر فاطمہ شہاب نے 14 میڈلز لیکر دوسری اور ڈاکٹر عبدالوہاب نے 12 میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن لیکر جہاں نئی تاریخ رقم کی ہے وہیں ہماری بہنوں نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ کسی بھی شعبہ میں کسی بھی طرح مردوں سے کم نہیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ وہ گریجوایشن کرنیوالے ڈاکٹرز، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرنے سمیت مذکورہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی بلا کر انہیں اعزاز فراہم کرنے پر یونیورسٹی و کالج انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جو ڈاکٹرز اپنی تعلیمی کامیابیاں سمیٹ کر بطور ڈاکٹر زندگی کے عملی میدان میں قدم رکھ رہے ہیں انہیں چاہیے کہ جس طرح انہوں نے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کا پروفیشنل امتحان پاس کرنے کیلئے محنت و جدوجہد کی اسی طرح آئندہ بھی خود کو دکھی انسانیت کا حقیقی معنوں میں مسیحا ثابت کرنے کیلئے دن رات محنت اور ایسی شاندار پرفارمنس کا عملی مظاہرہ کریں کہ وہ دوسروں کیلئے قابل تقلید مثال بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ان کا اپنا شہر ہے لہٰذا فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی اپنی بلڈنگ اور نیا سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات سے آراستہ یونیورسٹی ٹیچنگ ہسپتال بنانے سمیت الائیڈ ٹیچنگ ہسپتالوں الائیڈ ہسپتال، ڈی ایچ کیو ہسپتال، گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد میں پہلے سے دستیاب سہولیات کو اپ گریڈ کرنے، ڈینٹل کالج اور ہاسٹلز کی تعمیر سمیت جن جن مسائل کی جانب توجہ مبذول کروائی وہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے مل کر وزیر اعظم سے ان پراجیکٹس کی منظوری کیلئے نہ صرف بھرپور اقدامات کریں گے بلکہ اگلے مالی سال کے بجٹ میں ان منصوبوں کیلئے رقم بھی مختص کروائی جائے گی۔ وزیر مملکت اطلات نے کہا کہ فیصل آباد کی آبادی 80 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ فیصل آباد کے ارد گرد واقع 8 سے 10 اضلاع کے لوگ بھی علاج معالجہ کیلئے فیصل آباد میں موجود الائیڈ ہسپتال، ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال، چلڈرن ہسپتال، ایف آئی سی وغیرہ میں علاج معالجہ کیلئے آتے ہیں لہٰذا یہاں ہیلتھ کی سہولیات اور ان کے اداروں کو اپ گریڈ کرنا اشد ضروری ہے جس کیلئے وہ اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کا ر لائیں گے اور طبی سہولیات کے لحاظ سے فیصل آبادکو مثالی بنایا جا ئے گا۔











