او آئی سی وزرائے خارجہ کی کونسل کا  17واں غیر معمولی اجلاس افغانستان میں سنگین انسانی صورتحال کے پیش نظر بلایا گیاہے ؛مصر میں پاکستان کے سفیر ساجد بلال کی میڈیا بریفنگ

29

قاہرہ،12دسمبر  (اے پی پی):مصر میں پاکستان کے سفیر ساجد بلال نے کہا ہے کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کی کونسل (سی ایف ایم) کا 17واں غیر معمولی اجلاس افغانستان میں سنگین انسانی صورتحال کے پیش نظر بلایا گیاہے جہاں اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق 38 ملین افراد میں سے 60 فیصد کو ”بھوک کے بحران “ کا سامنا ہے اور صورتحال روز بروز ابدتر ہو رہی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار مصر میں پاکستان کے سفیر ساجد بلال نے اتوار کو مصری پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو 19 دسمبر 2021 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ کی کونسل (سی ایف ایم) کے 17ویں غیر معمولی اجلاس کے بارے میں بریفنگ کے دوران کیا۔اس موقع پر سفیر نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ غیر معمولی اجلاس افغانستان میں سنگین انسانی صورتحال کے پیش نظر بلایا جا رہا ہے جہاں اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق 38 ملین افراد میں سے 60 فیصد کو “بھوک کے بحران کی سطح” کا سامنا ہے اور صورتحال روز بروز ابدتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس پر توجہ نہ دی گئی تو شدید سردی کے ساتھ صورتحال بگڑ کر دنیا کے سب سے بڑے انسانی بحران میں تبدیل ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے ساتھ عالمی برادری کی مسلسل شمولیت ناگزیر ہے۔ سفیر نے مزید بتایا کہ آنے والاوزرائے خرجہ کونسل کا اجلاس امت مسلمہ کی طرف سے افغان عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گا اور افغانستان میں تیزی سے بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال کو روکنے کے لیے افغانستان، خطے اور پوری دنیا کے عوام کے بہترین مفاد میں بین الاقوامی حمایت حاصل کرے گا۔ افغان عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے۔

 سفیر نے اعادہ کیا کہ افغانستان کی صورتحال پر غور کے لیے او آئی سی کا وزرائے خارجہ کونسل کا پہلا غیر معمولی اجلاس بھی 1980 کی دہائی میں اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ مہینوں میں، پاکستان کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے اس سال اگست سے افغانستان میں پیدا ہونے والی انسانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عالمی رہنماؤں کے ساتھ بڑے پیمانے پر بات چیت کی ہے۔

سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان افغان عوام کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے او آئی سی کے رکن ممالک اور عالمی برادری کی مکمل حمایت پر اعتماد کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی طرف سے اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ بریفنگ میں معروف اخبارات اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔