اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):پی اے ایف فنشنگ سکول کے50 ویں کورس کی گریجویشن تقریب آفیسرز میس پی اے ایف کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کی مہمان خصوصی بیگم ثمینہ عباس خٹک تھیں۔ پاکستان ائیر فورس ویمن ایسوسی ایشن (پفوا) کی صدر اور پی اے ایف فنشنگ سکول کی سرپرستِ اعلیٰ بیگم مریم بابر نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ مہمان خصوصی نے گریجویٹ ہونے والی طالبات میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق بیگم ثمینہ عباس خٹک نے پرسنیلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کی کامیاب تکمیل پرطالبات کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ادار ے میں تربیت کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی اور معاشرے میں خواتین کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے فیکلٹی ارکان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ قبل ازیں فنشنگ اسکول کی ڈائریکٹر مس زیبا شوکت نے کورس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے اِس کی نمایاں خصوصیات کو اجاگر کیا جن کا مقصد نوجوان بچیوں کو معاشرے کا مفید ممبر بنانا ہے۔ 1996ء میں قائم کردہ پی اے ایف فنشنگ سکول ایشیاء میں اپنی طرز کا واحد ادارہ ہے جہاں خواتین کو مختلف کورسز بشمول کمیونیکیشن سکلز، لینگویجز، مینجمنٹ، آرٹ آف پریزنٹیشن، ڈومیسٹک سائنسز، عمومی ثقافت، آداب میزبانی، بچوں کی دیکھ بھال، نفسیات اور روحانی افزودگی کے شعبہ جات میں عملی تربیت دی جاتی ہے۔ خواتین کی صلاحیتوں میں نکھار لانے اور ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے پفوا کا یہ ادارہ اپنی کوششوں میں سرگرم ِ عمل ہے۔











