بورے والا،23 دسمبر(اے پی پی): ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج بورے والا محمد یونس عزیزنےتھانہ سٹی کے مشہور مقدمہ قتل کے ملزم محسن کنڈکو جرم ثابت ہونے پر عمرقیداورتین لاکھ جرمانہ کی سزا سنادی،مقدمہ کا ایک ملزم ضمانت پردورانِ سماعت ہی قتل ہوگیا تھاجبکہ تیسرے ملزم کو اشتہاری قرار دے دیا۔
استغاثہ کے مطابق ایک سال قبل طلباء تنظیم ایم ایس ایم کے مقامی راہنماء راو محمد فرحان کو متحارب طلباء تنظیم اے ٹی آئی کے مقامی راہنماؤں محسن کنڈ،شفیق عرف بونی بھٹی اور علی رضا نے چیچہ وطنی روڈ پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا اسکا مقدمہ مقتول کے بھائی راو فرحان کی مدعیت میں درج ہوا تھا دوران سماعت ضمانت پر ایک ملزم شفیق بونی بھٹی بھی مخالف طلباء تنظیم کی فائرنگ سے قتل ہوگیا تھا اس مشہور مقدمہ کی سماعت مکمل ہونے پر مقامی ایڈیشنل سیشن جج یونس عزیز نے آج فیصلہ سنادیا گیا۔
قابل ذکر امر یہ ہے کہ بورے والا میں گزشتہ چند سالوں کے دوران طلباء تنظیموں کے نام پر ہونے والی خونریزی کے دوران اب تک چھ نوجوان قتل جبکہ درجنوں زخمی بھی ہوچکے ہیں











