اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر پوائنٹ سکورنگ کرنے کی کوشش کی، اپوزیشن کا تین سالہ ریکارڈ ملکی مفادات سے متصادم رہا ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

12

لاہور، 23 دسمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں اور حلقوں کے مسائل کے حل اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بات چیت کی۔

وزیر اعلی عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں خواجہ داود سلیمانی، محمد لطیف نذر اور سردار محمد محی الدین خان کھوسہ شامل تھے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے دروازے آپ سب کیلئے کھلے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف متحد ہے۔ کبھی کسی سے ناانصافی کی نہ کریں گے۔

عثمان بزدار  نے کہا کہ انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں۔ ہم انصاف کی عملداری پر یقین رکھتے ہیں۔اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر پوائنٹ سکورنگ کرنے کی کوشش کی اپوزیشن کا تین سالہ ریکارڈ ملکی مفادات سے متصادم رہا ہے –

عثمان بزدار  نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے منفی سیاست کے ذریعے قومی مفادات کو نقصان پہنچایا- ماضی کی حکومتوں نے دعوے زیادہ کیے اورکام کم۔ سابق حکمرانوں نے نمائشی منصوبے شروع کرکے عوام کی ضروریات کو نظر انداز کیا۔

ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا  مشن اور اوڑھنا بچھونا ہے۔ ہماری حکومت نے تین برس کے دوران عوامی فلاح کے بے شمار پراجیکٹس شروع کیے ہیں۔مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔