اٹک،27 دسمبر (اے پی پی): اٹک پولیس نے گن پوائنٹ پر موبائل فونز اور نقدی چھین کر فرار ہونے والے دو ملزمان جبکہ10قمارباز گرفتار کر لئے،جن سے قیمتی موبائل فونز اور نقدی برآمد کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔
ملزمان میں شیر خان عرف شیرو ولد محمد حنیف اور نوشیل شہزاد ولد یونس گل سکنائے محلہ اسماعیل آباد واہ کینٹ تحصیل ٹیکسلا ضلع راولپنڈی شامل ہیں ۔ ملزمان سے دوران واردات استعمال ہونے والا غیر قانونی اسلحہ پسٹل 30 بورسمیت چھینے گئے موبائل فونزآئی فون 12مالیتی 120000، سام سانگ موبائل مالیتی 40000 روپے اور ہواوئے موبائل مالیتی 40000 روپے برآمد کر لیے۔
اس حوالہ سے ڈی پی او اٹک رانا شعیب محمود نے صدر حسن ابدال پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اٹک پولیس معاشرے میں بد امنی پھیلانے والے عناصر کے خلاف سرگرم عمل ہے۔ضلع کو امن کا گہوارہ بنا کر دم لیں گے۔
دوسری کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ فتح جنگ حامد کاظمی کی زیر نگرانی اے ایس آئی منور خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جوئے کی اطلاع پر ڈھوک علی محمدمیں کھلی جگہ پر ریڈ کیا تو چند اشخاص جو جوئے میں مصروف تھے جن کے نام سلطان محمد،ظہیر احمد،محمد نوید،شاہین عباس،محمدخلیل،ساجد محمد،محمد اکرم،محمد جاوید،شاہد خان اور خلیل ہیں کو موقع پر سے گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے داؤ پر لگی کل مالیتی رقم مبلغ 808930 روپے قبضہ میں لیکر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے پابند سلاسل کر دیا۔











