اپوزیشن بری طرح بکھر چکی،اقامے پر تنخواہ لینے والے ہمیں بتا رہے ہیں کہ ملکی سالمیت کو خطرہ ہے؛ چوہدری فواد حسین

59

لاہور ، 31 دسمبر ( اے پی پی ) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن بری طرح بکھر چکی ہے، خواجہ آصف جب وزیر دفاع تھے تو اقامے پر دوبئی کی کمپنی سے تنخواہ لے رہے تھے، آج وہ ہمیں بتا رہے ہیں کہ ملکی سالمیت کو خطرہ لاحق ہو ہےکل فنانس بل پیش کرنے کے موقع پر اپوزیشن کی قیادت اسمبلی میں موجود ہی نہیں تھی، کہا جا رہا تھا کہ پی ٹی آئی کے 29 لوگ اپوزیشن سے رابطے میں ہے، لیکن پتہ چلا کہ ساری اپوزیشن ہی پی ٹی آئی سے رابطے میں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کے باہر  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کی معاشی ٹیم نے قرضوں کے باوجود پاکستان کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کیا، اپوزیشن والے بھاگے ہوئے ہیں، وہ واپس میدان میں تو آئیں، تو ہی ان سے بات ہو سکے گی،عمران خان نے اپوزیشن بھی کر کے دکھائی تھی، ان بے چاروں سے تو اپوزیشن بھی نہیں ہو پا رہی،سیاست کرنے کا حق ہر ایک کو حاصل ہے، ہم چاہتے ہیں پی پی پی اور ن لیگ قومی سیاست کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پی پی پی نے سندھ کے لوگوں کو صحت کارڈ سے محروم رکھا ہوا، پیپلز پارٹی صرف سندھ کارڈ کھیلنا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی یہاں آئے، جلسہ کرے، دس مرلے کے گھر میں ان کا جلسہ ہو جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان کے بعد آج پنجاب کے شہریوں کو صحت کارڈ کی سہولت میسر ہو گئی ہے 10 لاکھ روپے تک ہر خاندان علاج معالجہ کی سہولت حاصل کر سکے گا، آج سے یہ سہولت لاہور ڈویژن کو فراہم کر دی گئی ہے، 20 تاریخ تک پنجاب کے تمام ڈویژن میں یہ سہولت فراہم کر دی جائے گی،بلوچستان نے صحت کارڈ کے لئے اپنی رضامدی ظاہر کر دی ہے، بدقسمتی سے سندھ اس منصوبہ کا حصہ نہیں بنا  وزیراعلیٰ سندھ اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں اور اس عظیم منصوبے میں شامل ہوں۔