ٹوبہ ٹیک سنگھ؛ گیس لیکج سے آتشزدگی، ایک ہی خاندان کے 7افراد جھلس کر جاں بحق، 3زخمی

60

ٹوبہ ٹیک سنگھ،5جنوری  (اے پی پی):ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تھانہ اروتی کے نواحی چک نمبر 756گ ب میں کمرے میں گیس لیکج کے باعث آتشزدگی  سے ایک ہی خاندان کے 7افراد جھلس کر جاں بحق  ،تین افراد بری طرح جھلسنے کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہیں،وزیر اعلی پنجاب سردار محمدعثمان بزدارنے واقعہ پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ضلعی انتظامیہ کو وقوعہ کی رپورٹ جلد از جلد پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

چک نمبر 756گ ب کے محمد حسین نکیانہ کے گھر کے تمام افراد ایک ہی کمرہ میں گہری نیند سوئے ہوئے تھے کہ سلنڈر سے گیس لیک ہونے کے باعث کمرہ میں آگ بھڑک اٹھی جس نے تمام افراد کو اپنی لپیٹ میں لے کر بری طرح جلا ڈالا جس کے نتیجہ میں،سکینہ بی بی زوجہ محمد حسین عمر 50سال ما فیہ بی بی دخترمحمد حسین عمر22سال عذرا زوجہ وحید عمر36سا ل حمزہ ولد وحیدعمر07سال آمنہ دختر وحیدعمر5سال افشا ں دختر وحید عمر4سال رشید ولد محمد حسین عمر16سال موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے،جبکہ  محمد حسین ولد وریام نکیانہ عمر 55سال وحید ولدمحمد حسین عمر37سال آگ سے جھلس کر بری طرح زخمی ہو گئے۔

 اطلاع ملنے پرریسکیو اور فائر بریگیڈکی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئےآگ پر قابو پاکر جاں بحق افراد کی نعشوں کو نکالا اور زخمیوں کوتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتا ل منتقل کیا۔ایس ایچ او تھانہ اروتی اور ڈی ایس پی /ایس ڈی پی او سرکل کمالیہ نے مو قع پر پہنچ کر ضروری قانونی کارروائی کی۔

سورس:وی این ایس،  ٹوبہ ٹیک سنگھ