جامعہ پشاور میں وفاقی ادارہ شماریات اور صوبائی محکمہ بلدیات کے زیر اہتمام ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے سے آگاہی ورکشاپ کا انعقاد

47

پشاور،06جنوری(اے پی پی):جامعہ پشاور میں پاکستان کی ساتویں مردم شماری کو پہلی مرتبہ ڈیجیٹل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے مکمل کرنے کے حوالے سے ایک روزہ آگاہی ورکشاپ منعقد ہوئی۔پشاور یونیورسٹی کے صاجزادہ عبدالقیوم آرکائیوز ہال میں منعقدہ اس ورکشاپ کا اہتمام پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس (وفاقی ادارہ شماریات) اسلام آباد نے صوبائی محکمہ بلدیات و دیہی ترقی اور جامعہ پشاور کے تعاون سے کیا تھا جس میں صوبائی محکموں اور یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، طلباء و طالبات، محکمہ بلدیات کے ویلج اور نیبرہوڈ کونسلوں کے سیکرٹریوں اور دیگر متعلقہ افسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی،تقریب کے مہمان خصوصی جامعہ پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس تھے۔

ورکشاپ سے وفاقی ادارہ شماریات کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل سنسس محمد سرور گوندل، ممبر گورننگ کونسل محمد اقبال، سپیشل سیکرٹری محکمہ بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا عنایت اللہ وسیم، ڈائریکٹر ادارہ شماریات رابعہ اعوان، ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات پشاور غلام حسین غازی اور آئی ٹی ماہرین نے خطاب کیا جنہوں نے ملکی تاریخ کی اس اہم ڈیجیٹل مردم شماری پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کے ویلج و نیبرہوڈ سیکرٹریز، یونیورسٹی کے شعبہ شماریات کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ نے نئی مردم شماری کے مختلف زاویوں پر سوالات کئے اور آگاہی حاصل کی۔

 جامعہ پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے ڈیجیٹل مردم شماری پر پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس کی کاوشوں کو سراہا اور  جامعہ پشاور  بالخصوص شعبہ شماریات، صحافت و ابلاغ عامہ اور کمیپوٹر سائنس کی جانب سے ڈیجیٹل مردم شماری کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی  بھی کرائی۔

 اس موقع پر محمد سرور گوندل سیکرٹری و سینیئر ممبر پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس نے شرکاء کو اپنی پریزنٹیشن میں شرکاء کو ڈیجیٹل مردم شماری کو عملی جامہ پہنانے کے طریقہ کار سے تفصیلی آگاہ کیا جبکہ ادارہ شماریات کی جانب سے ڈیجیٹل مردم شماری میں معاونت پر جامعہ پشاور کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد ادریس، سپیشل سیکرٹری بلدیات عنایت اللہ وسیم، سیکرٹری کوآرڈینیشن یونٹ ساجد گل اور ڈائریکٹر انفارمیشن غلام حسین غازی کو شیلڈز دی گئیں۔