مری؛شدید سردی اور گاڑیوں کے پھنس جانے سے17  سیاح جاںبحق ہوگئے

35

مری،8جنوری  (اے پی پی):مری میں طوفانی برفباری سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی، شدید سردی اور گاڑیوں کے پھنس جانے سے17  سیاح جاںبحق ہوگئے۔ریسکیو 1122 مری کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں اسلام آباد کی ایک فیملی نوید اقبال ان کی اہلیہ دو بیٹے چار بیٹیوں سمیت مزید ظہور سکنہ گجر انوالہ، معروف سکنہ لاہور، اشفاق ،اسد، محمد بلال، شہزاد ان کی اہلیہ اور دو بچے شامل ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ بجلی کا نظام درہم برہمہوگیا ہے۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ مری میں سیاحوں کی ہلاکت سردی نہیں بلکہ کاربن مونو آکسائیڈ سے ہوئی ہے، یہ ایک بو کے بغیر گیس ہے، دراصل گاڑی کا انجن جب آن ہو اور اس کا اگزاسٹ برف میں دھنسا گیا ہو تو یہ گیس باہر کی بجائے گاڑی کے اندر جمع ہوتی ہے، کیونکہ یہ بو کے بغیر گیس ہے لہذا اس کا پتا نہیں چلتا اور پہلے انسان چند منٹوں میں بیہوش اور پھر موت واقع ہو جاتی ہے۔

مری میں تین روزسے جاری شدید  برفباری کاسلسلہ تھم گیاہے، طوفانی برفباری کے باعث ہزاروں سیاح بری طرح برف میں پھنس کر رہ گئے ہیں جن میں سے متعدد سیاح گاڑیوں میں شدید سردی سے ٹھٹرکرجاں بحق ہوگئے ہیں۔

 وزیراعلی پنجاب اوروفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدکی  کی خصوصی ہدایت پررات سے ریسکیوآپریشن جاری ہے، پاک آرمی سول انتظامیہ اورریسکیواداروں کاریسکیوآپریشن بھی جاری ہے جس سے برف میں پھنسے بہت سارے سیاحوں کونکالنے میں کامیاب ہوئے ہیں، آرمی کی مشینری اورفوجی جوانوں کی بڑی تعداد  فیلڈ میں سیاحوں کی مدد اورباحفاظت مری سے نکالنے میں مصروف ہیں، مری میں کوئی موبائل نیٹ ورک کام نہیں کررہاجس سے سیاحوں اورمقامی لوگوں کوشدید مشکلات کاسامنا ہے لوگوں کا اپنے گھر والوں سے رابطہ بھی منقطع ہے۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد