تھر جیپ ریلی کا آغاز 14جنوری سے ہو گا، پورے پاکستان سے 100 گاڑیاں حصہ لیں گی

34

تھرپارکر،12 جنوری  ( اے پی پی ): تھر جیپ ریلی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے    ڈپٹی کمشنر   محمد نواز سوھو کی صدارت میں دربار ہال مٹھی میں اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر تھرپارکر محمد نواز سوھو نے کہا کہ تھر جیپ ریلی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گیے ہیں، ضلع سطح پر کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے تمام اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ تھر جیپ ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں۔

 ڈپٹی کمشنر  نے  تھر جیپ ریلی پروگرام کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ تھر ریلی کا افتتاح 14جنوری 2022 کو ہوگا جبکہ اختتامی تقریب انعامات میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ شرکت کریں گے۔انہوں  نے کہا کہ تھر جیپ ریلی میں تھرپارکر سمیت سندھ  اور پورے پاکستان سے 100 گاڑیاں حصہ لے رہی  ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر  نے کہا کہ تھر جیپ ریلی منعقد کرانے کا مقصد تھر، سندھ صوبے اور پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشناس کروانا ہے۔

اجلاس میں پروگرام آرگنائزر ریحان قریشی نے بتایا کہ تھر جیپ ریلی میں 100 کلو میٹر کی ریس ہوگی جس میں 58 پروڈکشن کلاس کی گاڑیاں اور 48 پروفیشنل گاڑیاں مقابلے میں حصہ لے گی۔

 اجلاس میں سیکورٹی کے حوالے سے بھی غور کیا گیا جس پر ایس ایس پی تھرپارکر سردار حسن نیازی نے کہا کہ تھر جیپ ریلی میں سیکورٹی کے حوالے سے جامع حکمت عملی بنائی گئی ہے جبکہ محکمہ صحت کے حوالے سے ایمبولینس اور صحت کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات مکمل ہیں۔

اجلاس میں پاک رینجرز ڈیپلو ونگ کمانڈر کرنل زاہد باجوہ، پاک آرمی کے میجر محمود، ایس ایس پی تھرپارکر سردار حسن نیازی، ڈی ایم  پی پی ایچ آئی ڈاکٹر زوہیب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون منصور عباسی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو راجیش کمار، اسٹنٹ کمشنر مٹھی عبدالحمید مغل، اسٹنٹ کمشنر چھاچھرو علی حیدر شیخ، مختیارکارز، محکمہ بھبود آبادی، محکمہ بلدیات،. لائیو اسٹاک اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ تھر جیپ ریلی محکمہ کھیل حکومت سندھ، یوتھ افئیرز ڈولپمنٹ، پاک رینجرز، ضلعی انتظامیہ تھرپارکر کے تعاون سے   منعقد کی جا رہی ہے۔