نیشنل سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز سیکٹر میں انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار کا نیشنل سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز پالیسی21-2020ء کے اجراء کے موقع پر تقریب سے خطاب

35

اسلام آباد۔19جنوری  (اے پی پی): وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے  بدھ کو یہاں نیشنل سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ای) پالیسی 2020-21ء کے اجراء کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے  کہ نیشنل سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز سیکٹر میں انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ  23 ارب روپے کے رسک شیئرنگ ماڈل کے تحت آسان کریڈٹ سکیم لے کر آئے ہیں، ملکی تاریخ میں اس وقت پرائیویٹ سیکٹر نے جو کریڈٹ لیا ہے وہ 1400 ارب روپے ہے جو کہ (ن) لیگ کے دور میں 1080 ارب روپے تھا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بڑھوتری کی رفتار مزید بڑھے گا، مینوفیکچرنگ کے شعبہ پر بھرپور توجہ دی جائے گی، حکومت نے مینوفیکچرنگ سیکٹر کیلئے مراعات اور ٹیکسوں پر چھوٹ میں اضافہ کیا ہے، آسان لیز پر انڈسٹری کو 19 ہزار پلاٹس دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کاروبار کرنا آسان بنایا ہے، سمیڈا کا سٹرکچر تبدیل کیا جا رہا ہے، پرائیویٹ سیکٹر کو اس میں شامل کریں گے، آئی ٹی، فوڈ پروسیسنگ اور لائٹ انجینئرنگ کے شعبہ کو ترجیح دی جائے گی، سمال اینڈ میڈیم بزنس کیلئے 30 ارب روپے کی رقم مختص کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایس ایم ایز کیلئے مربوط پالیسی اور عملدرآمد کیلئے مضبوط میکنزم بھی بنایا ہے، چیمبرز آف کامرس اور فریقین کی مشاورت سے اس پالیسی کو مزید بہتر بنائیں گے۔