اوکاڑہ،جرائم کنٹرول کرنے کے لئے پولیس گشت کو مزید مؤثر بنانا نا گزیر ہے،آرپی او ڈاکٹر معین مسعود

14

اوکاڑہ،25جنوری  (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال ڈاکٹر معین مسعود نے کہا ہے کہ جرائم کنٹرول کرنے کے لئے پولیس گشت کو مزید مؤثر بنانا نا گزیر ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں تیز کرنے کے ساتھ زیر التوا مقدمات کو یکسو کیا جائے، بلا جواز تاخیری حربے کسی صورت قابل قبول نہیں اور پولیس کی غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی پی او آفس میں ضلع بھر کے پولیس افسران کی کرائم میٹنگ میں موجود پولیس افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل گلزار ایس پی معاذ ظفر، اے ایس پی دیپالپور اویس علی خاں، تینوں تحصیلوں کے ایس ڈی پی اوز اور تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر معین مسعود نے کہا کہ محکمہ پولیس میں جزا اور سزا کا قانون موجود ہے اچھی کارکردگی کے حامل پولیس افسران اور جوانوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔آر پی او کا کہنا تھا کہ پولیس کے افسران اور ملازمین عام شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور مظلوم کی بر وقت داد رسی کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔