رینالہ خورد،27جنوری (اےپی پی):اوکاڑہ یونیورسٹی کے طلباء کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افئیرز کیجانب سے ہفتہ برائے اخلاقی تربیت منعقد کیا گیا ہے، جس دوران طلباء مختلف ہم نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں، یہ ہفتہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکرکی خصوصی ہدایات پہ منایا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے اپنے پیغام میں وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کی جسمانی اور ذہنی صحت کا خیال رکھنا بھی نہایت اہم ہے۔ اس سلسلے میں ہم نےہر سمسٹر کے مڈ اور اختتام پہ طلباء کی اخلاقی اور جسمانی تربیت کے اہتمام کا لائحہ عمل بنایا ہے۔
ہفتہ برائے اخلاقی تربیت میں طلباء کےلیےمختلف کھیلیں جیسا کہ کرکٹ، فٹ بال، بیڈمنٹن، والی بال، رسہ کشی اور ٹینس کے ساتھ ساتھ شاعری، تقریر،مضمون نویسی اور پینٹنگ کے مقابلہ جات بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔
اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر شعیب سلیم نے بتایا کہ طلباء میں کھیلوں اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں کی عادات پروان چڑھانے کےلیے ہم وقفے وقفے سے اس طرح کی سرگرمیاں منعقد کر رہے ہیں ۔ اس ہفتے کے دوران طلباء کا جوش و جذبہ اور ڈسپلن دیندنی ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افئیرز ڈاکٹر سمیرا اعجازکا کہنا تھا کہ ہم طلباء کو قوی اور بین الاقوامی سطع پہ منعقد ہونے والی مختلف کھیلوں اور ثقافتی مقابلہ جات کےلیے تیار کرنا چاہے ہیں اور ہفتہ برائے اخلاقی تربیت اس سلسلے کی ہی ایک کڑی ہے۔
تمام مقابلہ جات کے اختتام پہ طلباء کی حوصلہ افزائی کےلیے تقریب تقسیم انعامات کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔











