ملتان، 27 جنوری(اے پی پی ): حکومت پنجاب کی ہدایت پر ملتان ڈویژن میں سیکورٹی انتظامات کی چیکنگ کی گئی ۔کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد، آر پی او جاوید اکبر ریاض نے غیر ملکی باشندوں کی سیکورٹی چیکنگ کیلئے دورہ کیا ۔ ڈی سی ملتان عامر کریم خاں، سی پی او خرم شہزاد حیدر نے بریفنگ دی۔
کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ڈویژن بھر میں امن و امان کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا اور محکمہ ماحولیات، محکمہ انڈسٹریز کو آلات چیکنگ کو احکامات دیے ۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ہمارے مہمان، ان کا خیال ہماری ذمہ داری ہے۔
کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ انڈسٹریل یونٹس کے الات کی جانچ، فٹنس اور سیکورٹی کی جانچ کروائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ غیر تسلی بخش سیکورٹی، الات فٹنس پر نوٹس دے کر سربمہر کیا جائے گا۔
آر پی او جاوید اکبر ریاض نے کہا کہ سکیورٹی ادارے کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حساس مقامات اور غیر ملکیوں کے دفاتر پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ، غیر ملکیوں اور حساس تنصیبات پر سیکورٹی فراہم کردی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس مشترکہ لاء اینڈ آرڈر پلان پر عمل پیرا ہیں اور انڈسٹریل ایریا سمیت تمام فیکٹریوں کی چیکنگ کی جارہی ہے ، نجی فیکٹری میں ہلاک غیر ملکی باشندے کے لواحقین سے کمشنر، آرپی او، ڈی سی، سی پی او کی ملاقات بھی کی گئی ،ناخوشگوار واقعے پر اظہار افسوس، مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔











