لاہور؛ پی ایچ اے کے زیر اہتمام جشن بہاراں فیسٹیول24فروری سے شروع ہو  گا  

31

لاہور، 30 جنوری (اے پی پی): پی ایچ اے کے زیر اہتمام جشن بہاراں فیسٹیول24فروری سے شروع ہو  گا  جبکہ اختتام 23 مارچ 2022کو ہوگا، جس  دوران صوفی نائٹ،بہار مشاعرہ،آرٹ مقابلے،نمائشیں اور داستان گوئی و دیگر رنگا رنگ پروگراموں کا انعقاد ہوگا۔

جشن بہاراں فیسٹیول کی  تیاریوں  کا جائزہ لینے  کیلئے کمشنر محمد عثمان کی زیر صدارت اجلا س منعقد ہوا۔اجلاس میں   بتایا  گیا کہ جشن بہاراں میں تمام پارکوں میں داخلہ فری ہوگا، آنے والے شہریوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے سکیورٹی کیلئے داخلی گیٹس پر نظام کو ازسر نو تشکیل دیکر مرتب کیا جائے گا ، جشن بہاراں میں محکمہ صحت کی وضع کردہ ہدایات و پابندیوں کو ہر حال میں ملحوظ خاطر رکھا جائے۔

 کمشنر لاہور نے کہا کہ جشن بہاراں کے سلسلے میں سگیاں راوی اور شہر میں رنگ روڈ کے تین انٹرچینجز پر خصوصی گرین ورک بھی کیا جائے گا  جبکہ جشن بہاراں  کی تمام  تقریبات  کورونا  ایس او پیز و سکیورٹی اقدامات کے تحت منعقد ہونگے۔

 اجلاس میں ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ،ڈی جی پی ایچ اے جواد قریشی،اے سی جی عثمان جلیس سمیت پولیس و دیگر اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

سورس:وی این ایس، لاہور