فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور محکمہ بلدیات پنجاب کے اشتراک سے ماہ صفائی مہم کے تحت عوامی آگاہی کیلئے واک

42

فیصل آباد۔31جنوری  (اے پی پی):فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور محکمہ بلدیات پنجاب کے اشتراک سے ہمارا شہر ہماری ذمہ داری کے عنوان سے ماہ صفائی مہم کے تحت عوامی آگاہی کیلئے پیر کی صبح اقبال چوک غلام محمد آباد فیصل آباد سے شاہین چوک غلام محمد آباد تک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی ومرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی شیخ خرم شہزاد نے کی جبکہ اس موقع پرچیف ایگزیکٹو آفیسر ایف ڈبلیو ایم سی محمد بلال فیروز جوئیہ، جی ایم آپریشن ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرنل (ر) عماد اقبال گل،ممبر پنجاب بار کونسل امتیاز احمد لونا، چیف ٹریفک آفیسرفیصل آباد تنویر احمد ملک اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں۔ ہمارا شہر ہماری ذمہ داری کی مذکورہ آگاہی مہم میں شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ صفائی قائم رکھنے میں ایف ڈبلیو ایم سی کا ساتھ دیں،شاہراہوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے و لیٹرنگ سے اجتناب کریں اور کوڑا کرکٹ ایف ڈبلیو ایم سی کے لگائے گئے کوڑا دانوں میں ڈالیں یا محکمہ کی طرف سے تعینات کردہ ویسٹ ورکرز کے حوالے کریں۔آگاہی واک سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے عوام الناس سے اپیل کی کہ اگر کہیں کوڑا کرکٹ یا صفائی کے حوالے سے کوئی شکائت ہو تو وہ محکمہ کی طرف سے صفائی سے متعلق ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  محکمہ بلدیات حکومت پنجاب کی ہدایت پرماہ صفائی مہم کے سلسلہ میں فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے صفائی و آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اورصفائی پلان کے مطابق کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں،پلاٹوں کی صفائی، چونے کے چھڑکاؤ،کنٹینرز کی مرمت،سڑکوں کی مکینیکل سویپنگ اور واشنگ سمیت پسماندہ یونین کونسلوں کی صفائی اولین ترجیح قرار دی گئی ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسربلال فیروز نے کہا کہ تمام ڈیپارٹمنٹ باہمی تعاون کے ساتھ28 فروری تک جاری ماہ صفائی کو کامیاب بنائیں گے۔بعدازاں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یومیہ پرفارمنس رپورٹس مرتب کر کے ڈیٹا مرتب کیا جائے تا کہ ہر افسر کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جا سکے نیزافسران نہایت تندہی اور جذبے کے ساتھ کام کرتے ہوئے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو پنجاب کی بہترین سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر جی ایم آپریشن کرنل (ر)عماد اقبال گل نے صفائی پلان پر بریفنگ کے دوران بتایا کہ دستیاب وسائل کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر 8 یونین کونسلوں میں زیرو ویسٹ آپریشن کیا جائے گا جہاں خالی پلاٹوں کی صفائی،اہم شاہراوں و عبادتگاہوں کے اطراف چونے سے مارکنگ،کنٹینرز کی مرمت،متبادل کنٹینرز کی فراہمی اور گلیوں سے ملبہ اٹھانے جیسے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ مکینیکل سویپنگ اور مکینیکل واشنگ کیلئے بھی ایام کو مختص کیا گیا ہے۔ڈپٹی منیجر کمیونیکیشن مطیب ورک نے بتایا کہ صفائی آگاہی مہم کیلئے علما کرام، سول سوسائٹی اوراین جی اوز کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کی جائیں گی جس کے ساتھ ساتھ سکولز و کالجز میں بھی آگاہی سیمینارز کا انعقاد،کمیونٹی موبلائزیشن کے ذریعے گھر گھر صفائی کا پیغام بھی دیا جائے گا نیز اہم مقامات پر آگاہی کیمپس کے علاوہ گھنٹہ گھر اور آٹھ بازاروں میں خصوصی آگاہی مہم بھی صفائی پلان کا حصہ ہیں۔