مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے کی اصل وجہ اقوام متحدہ ،عالمی قوتوں کی بے حسی ہے، مقررین

42

ملتان، 02 فروری ( اےپی پی): وائس چانسلر بہاوّ الدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی، سابق وفاقی وزیر مذہبی امور علامہ سید حامد سعید کاظمی اور صدر نظریہ پاکستان فورم ملتان پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے کی اصل وجہ اقوام متحدہ اور عالمی قوتوں کی بے حسی اور دوہرا معیار ہے بھارت خود مسئلہ کشمیر لے کر اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل گیا جہاں متفقہ طور پر کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی قرارداد منظور ہوئی جسے پاکستان اور بھارت دونوں نے تسلیم کیا بعد ازاں بھارت اس فیصلے سے منحرف ہوگیا۔ضرورت اس امّر کی ہے کہ اُمتِ مسلمہ یکجا ہوکر مسئلہ کشمیر پر اقوامِ متحدہ اور عالمی قوتوں پر دباوّ ڈالے کشمیر تقسیمِ ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان کے زیراہتمام پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان اور نظریہ پاکستان فورم ملتان کے اشتراک پاک نیوٹریشن سروسز پاکستان اور فورٹین سٹریٹ پیزا ملتان کے تعاون سے ہفتہ یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں تیسرے روز انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن بہاوّالدین زکریا یونیورسٹی ملتان  میں منعقدہ کشمیر کانفرنس سے بحیثیت مہمانان خصوصی خطاب میں کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہا کہ ہمیں طاقتور اور خود کفیل ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ لوگ طاقتور کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں مسئلہ کشمیر پر یہی تلخ حقیقت ہمیں درپیش ہے کہ بھارت بڑی معاشی و معاشرتی طاقت ہونے کے سبب ہٹ دھرمی کررہا ہے اور اقوامِ متحدہ و عالمی طاقتیں اس کے سامنے بے بس ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی نسل کو مسئلہ کشمیر کی اہمیت سے روشناس کروانے کیلئے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے تحقیقی مقالے لکھوائے جائیں۔

 علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا کہ کشمیری پچھلے 75 برس سے ظلم و بربریت برداشت کررہے ہیں دو لاکھ سے زیادہ نوجوان شہید ہوچکے ہیں کشمیر میں کوئی گھر ایسا نہیں جہاں کوئی شہید نہ ہوا ہو ہزاروں خواتین کی عصمت دری کی گئی ان مظالم پر اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل نے اپنی آنکھیں بند کررکھی ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم کا فرمان ہے کہ مسلمان آپس میں ایک جسم کی مانند ہیں جسکے ایک حصے میں تکلیف ہوتو پورے جسم میں درد محسوس ہوتا ہے کشمیریوں سے ہمارا خونی اور جسمانی رشتہ ہے وہ پاکستان کی شہہ رگ ہیں جس کے بغیر ہمارا جسم ادھورا ہے۔