اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے کارپوریٹ سیکٹر آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ میرٹ پر فیصلہ کریں اور ایک طریقہ کار طے کیا گیاہے کہ دنیا کی طرح ہم بھی فٹ بال کو پرموٹ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں این سی کے ممبرز کا شکریہ اداکرتی ہوں کہ جہنوں نے مل بیٹھ کر فٹ بال کے مسائل کو حل کرنے کی بات کی ہے۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ تمام سپورٹس فیڈریشن کو فنانشل پروگرام بنانا ہوگا اور کارپوریٹ سیکٹر کو تمام کھیلوں کی تنظیمیں آگے لائیں ، ہر فیڈریشن اپنے اصلی کلب رجسٹرڈ کرے اور ہم اس پر نگاہ رکھیں گے،ہر کلب کھلاڑیوں کا ڈیٹا فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک ایک کھلاڑی ایک ہی کلب میں رجسٹرڈ ہوگا۔ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ فیفا ہائوس پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے حوالے کیا جائے گا اور یہ بچوں کے لئے خوش خبری ہے۔











