اٹک ۔9فروری (اے پی پی):کامرہ کنٹونمنٹ بورڈ کے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ پانچ وارڈز میں سے چار وارڈز میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں نے برتری حاصل کی ، ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے جاری غیر حتمی نتائج کے مطابق وارڈ ایک سے ن لیگ کے شاہ جہاں 252ووٹ لے کر کامیاب رہے اور ان کے مدمقابل تحریک لبیک کے امیدوار عامر حسین نے 22 ووٹ حاصل کئے، وارڈ نمبر2 میں ن لیگ کے چن زیب 263 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر جبکہ عوامی تحریک کے نزر محمد 115 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ، وارڈ نمبر3 سے ن لیگ کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار بشیر حمید بلامقابلہ کامیاب رہے ، وارڈ نمبر4 سے جماعت اسلامی کے حافظ افتخار خالق 460 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ن لیگ کے فرخ سیر438 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اسی طرح وارڈ نمبر5 سے ن لیگ کے محمد سلیم 179ووٹ لے کر آگے رہے جبکہ پی پی پی کے گل شیر 80 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ کینٹ بورڈ الیکشن میں کل ووٹرز 12688 مرد حضرات جبکہ 6693 ووٹ خواتین کے رجسٹرڈ ہیں تاہم 16 دیہات کے عوام کی جانب سے بائیکاٹ کی وجہ سے ٹرن آئوٹ بہت کم رہا ، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے آر او محمد عبداللہ کے مطابق کل پولنگ اسٹیشن 14 بنائے گئے تھے جہاں پر الیکشن کمیشن کا 112 افراد پر مشتمل عملہ تعینات کیا گیا تھا جبکہ 2 پولنگ اسٹیشن حساس قرار دئیے گئے، ترجمان اٹک پولیس کے مطابق 100کے قریب پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دینے کیلئے موجود رہے ، ڈی پی او اٹک رانا شعیب محمود نے سیکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے پولنگ اسٹیشنز کا دورہ بھی کیا۔











