سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے ملاقات کی باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال

23

لاہور 10فروری(اے پی پی): سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے ملاقات کی۔ اور باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اورفلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعلی عثمان بزدار اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن کی منفی سیاست کی مذمت کی اور  کہا کہ اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے-

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عدم اعتماد کی باتیں کرنے والو ں نے پہلے استعفوں اور لانگ مارچ کے نعرے لگائے- عدم اعتماد کا شوشہ لانگ مارچ سے راہ فرار کے لئے چھوڑا گیا ہے- لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا-

عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کی ناکام ترین اپوزیشن کو ہر موقع پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے-

پنجاب میں اتحادی جماعت کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں -پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود سب سے زیادہ مقدم ہے- پنجاب کی 73فیصد آبادی کو نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے ہیلتھ کوریج فراہم کردی ہے اور مارچ کے آخر تک پنجاب کی پوری آبادی کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس فراہم کردیں گے-

انھوں نے کہا کہ ہر خاندان کوسالانہ 10لاکھ روپے مفت علاج کی سہولت دے رہے ہیں –

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجراء پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے اقدام کی تعریف کی اور کہا کہ پنجاب حکومت نے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا پروگرام متعارف کرا کر دکھی انسانیت کی حقیقی خدمت کی ہے

اسد قیصر نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاسی انتشار پھیلانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی-موجودہ حالات میں افراتفری کی سیاست قومی مفادات کے منافی ہے

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

وزیر اعلی عثمان بزدار اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے باہمی رابطوں کو مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا۔

اراکین قومی اسمبلی حیدر علی خان، جنید اکبر خان، صالح محمد خان،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔