بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

29

لاہور، 11فروری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  نے کہا ہے کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز مخدوم طارق محمود الحسن اور اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے نئے وائس چیئرمین ڈاکٹر شاہد محمود سے ملاقات میں کیا، وزیراعلیٰ نے مخدوم طارق محمودالحسن اور ڈاکٹر شاہد محمود کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا  اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے مخدوم طارق محمودالحسن کی خدمات کو سراہا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے جامع پالیسی بنائی  ہے۔ ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے جبکہ حکومت پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق اور املاک کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔

عثمان بزدار نے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ڈاکٹر شاہد محمود کو گائیڈ لائنز دیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت بھی دی۔