اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیر کو یہاں صنفی مساوات کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام تعلیم اور صحت کے ذریعے عورتوں کو بااختیار بنا رہا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، اسلام نے وراثت میں خواتین کو حقوق دیئے ہیں، خواتین کی تعلیم کے حوالے سے احساس پروگرام نہایت موثر کردار ادا کررہا ہے، خواتین آئی ٹی کے ذریعے گھر بیٹھے روزگار کمارہی ہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے خواتین کی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ صنفی مساوات اور عورتوں کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لئے خواتین کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے خواتین کو گھر بیٹھے بااختیار بنایا ہے اور وہ خود روزگار کمارہی ہیں۔ صدر نے کہا کہ خواتین کو وراثت سمیت ان کے حقوق دینے کے لئے معاشرے میں ہر سطح پر کوششوں کی ضرورت ہے، حکومت نے احساس پروگرام میں خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ تعلیم کے بغیر خواتین کی ترقی ممکن نہیں ہے، بینک خواتین کو کاروبار کے لئے 10 لاکھ تک بلاسود قرض دے رہے ہیں، ملک میں عورتوں کو بنیادی سطح اور اسمبلیوں میں نمائندگی حاصل ہے











