اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیر کو یہاں صنفی مساوات کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظام ایسا ہونا چاہیے کہ زچگی اور دیگر ذمہ داریوں کے بعد عورت معاشی سرگرمی جاری رکھ سکے۔
صدر نے کہا کہ خواتین کو وراثت سمیت ان کے حقوق دینے کے لئے معاشرے میں ہر سطح پر کوششوں کی ضرورت ہے، حکومت نے احساس پروگرام میں خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ تعلیم کے بغیر خواتین کی ترقی ممکن نہیں ہے، بینک خواتین کو کاروبار کے لئے 10 لاکھ تک بلاسود قرض دے رہے ہیں، ملک میں عورتوں کو بنیادی سطح اور اسمبلیوں میں نمائندگی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کو مذہب کے نام پر نشانہ بنایا جارہا ہے، اسلام مساوات کا درس دیتا ہے، اسلام کسی کے استحصال کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ آسٹریلیا کے ناظم الامور برائس ڈیوڈ ہیچیسن، سندھ اسمبلی کی رکن رعنا عنصر اور دیگر مقررین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ آسٹریلیا کے ناظم الامور نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے بھرپور طریقے پر کام کررہے ہیں، آسٹریلوی حکومت پاکستان میں خواتین کے حوالے سے مختلف منصوبوں کی معاونت کررہی ہے











