پنڈ دادن خان کے 70  برس ضائع کر دیئے گئے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا پنڈدادن خان میں تقریب سے خطاب

59

پنڈ دادنخان۔14فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے  ایک تقریب کے دوران شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقاتوں سمیت اہم سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنڈ دادن خان کے 70  برس ضائع کر دیئے گئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ ماضی میں پنڈ دادنخان تحصیل کے ستر سال ضائع کر دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سال پہلے جب اقتدار میں آیا تو ہر کام نئے سرے سے شروع کرنا پڑا، یہاں گلیاں اور سڑکیں موجود نہیں تھیں، علاقے میں پینے کا پانی دستیاب نہیں تھا، سکول اور ڈاکٹرز نہیں تھے، ضلع جہلم میں 47 ڈاکٹرز تھے، آج الحمد اللہ جہلم میں 800 ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل  سٹاف موجود ہے، ہم نے سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کی، پاسپورٹ آفس جہلم میں تھا، ہم پنڈ دادنخان کے اندر پاسپورٹ آفس لائے، ای او بی آئی کا دفتر بھی یہاں قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ دارا پور کے دوست اپنا گھر جہلم لے گئے، ان سے نہ تو پاسپورٹ آفس آیا، نہ پل آیا، نہ سڑک آئی، نہ سکول اور کالج آیا، میں نے حلقے کے لوگوں سے کہا تھا کہ وہ اپنا نمائندہ اسے چنیں جو ان کا شملہ اونچا کر سکے، ایسے آدمی کا انتخاب نہیں کیا جانا چاہئے جو دوسروں کے کندھوں پر بیٹھ کر سمجھے کہ میرا قد اونچا ہو گیا ہے۔