بلاول بینظیر بھٹو کی سیاست کریں، زرداری کی سیاست نہ کریں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا پنڈدادن خان میں تقریب سے خطاب

41

پنڈ دادنخان۔14فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے  ایک تقریب کے دوران شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقاتوں سمیت اہم سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے بلاول بینظیر بھٹو کی سیاست کریں، زرداری کی سیاست نہ کریں۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن بھی آج کل یہی کر رہی ہے، اس کا اپنا کوئی قد نہیں، بلاول کو پتہ ہے کہ وہ جہلم اور پنڈی سے چند سو بندے اکٹھے نہیں کر سکتے اس لئے وہ فضل الرحمان کے کندھے پر چڑھ کر مدرسے کے بچوں کے بل بوتے پر سیاست کر رہے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے بلاول بھٹو سے کہا کہ وہ زرداری کی سیاست نہ کریں، وہ بے نظیر بھٹو اور اپنے نانا کی سیاست کریں، سیاست وہ ہوتی ہے جو اپنے قد اور طاقت کے ذریعے کی جائے، بلاول بھٹو پہلے میئر کا انتخاب لڑنا سیکھیں، یہاں تقریریں کرنے سے انہیں ووٹ نہیں ملنے، نہ ہی پیپلز پارٹی کی سیاست مولانا فضل الرحمان کو ٹھیکے پر دینے سے ووٹ ملیں گے، اپنی سیاست خود کرنا پڑے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف اور بلاول بھٹو کا خیال ہے کہ مولانا کے مدرسوں کے بچے آئیں گے اور اپنے کندھوں پر اٹھا کر انہیں بڑا کر دیں گے، کیا کبھی اس طرح بھی سیاست ہوئی ہے؟ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نہ تیر چلے گا نہ تلوار ان سے، یہ بازو میرے آزمائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے سات مرتبہ عمران خان کو گرانے کی کوشش کی، عمران خان کا اللہ تعالیٰ محافظ ہے، یہ عمران خان کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتے۔