اسلام آباد،14فروری(اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کی چیئرپرسن سینیٹر سیمی ایزدی نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں حیاتیاتی تنوع اور خطرے سے دوچار جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سےاسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے کردار کو سراہتے اس خواہش کا اظہار کیا کہ دوسرے شہروں میں بھی ایسے پارک تیار کیے جانے چاہئیں۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن نے سینیٹر کیشو بائی، سینیٹر خالدہ عتیب اور سینیٹر عابدہ محمد عظیم کے ہمراہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے اقدامات بالخصوص جنگلی بلیوں کے مستقل مسکن کے طور پر حالیہ پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ کے لئے ٹریل 6 کا دورہ کیا۔
اس موقع پر سینیٹر سیمی ایزدی نے کہا کہ جنگلی حیات کی حفاظت وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے جو اب تیزی سے فروغ پا رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات کی تعریف کی کہ حال ہی میں اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے ٹریل-6 میں دو جنگلی بلیوں کو چھوڑا جو نایاب جنگلی حیات کی بقا کے حوالے سے ایک حوصلہ افزا کوشش ہے، میری خواہش ہے کہ دوسرے شہروں میں بھی ایسے پارک تیار کیے جائیں۔
اس موقع پر چیئرپرسن آئی ڈبلیو ایم بی رینا سعید خان نے کمیٹی کے ارکان کو بورڈ کے ڈھانچے، نیشنل پارک میں جنگلی حیات کے انواع اور ان کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں کے ساتھ ساتھ درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ مونال ریسٹورنٹ کو بچوں کی تعلیم اور جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق آگاہی کے لیے وزیٹرز انفارمیشن سینٹر میں تبدیل کیا جائے گا۔ بورڈ نے کمیٹی کے ارکان کو چیتے کے لئے محفوظ زون پر ایک مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی۔











